پی جی کالج میں اردو خوشنویسی ورکشاپ اختتام پذیر
خوشنویسی کا فن ہماری تہزیب کا حصہ، اس کا رسم الخط’نستعلیق‘ بہت خوبصورت، اس کے تحفظ کے لیے بہت سے ادارے سرگرم : ڈاکٹر رضیہ پروین
رامپور17فروری( نمائندہ) گورنمںٹ گرلز پی جی کالج رامپور میں منعقدہ سہ روزہ اردو خوشنویسی ورکشاپ کے آخری روز ماہرینِ خطاط نے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے طالبات میں فن خوشنویسی کا ذوق پیدا کر دیا۔ پہلے دور کا آغاز کرتے ہوئے صدر شعبہ اردو ڈاکٹر رضیہ پروین نے کہا کہ خوشنویسی کا فن ہماری تہزیب کا حصہ ہے۔ اردو جتنی شیریں زبان ہے، اس کا رسم الخط "نستعلیق" اتنا ہی خوبصورت ہے ۔ آج اس کے تحفظ کے لیے بہت سے ادارے سرگرم ہیں جو باقاعدہ کیلی گرافی کورس کے ذریعہ روزگار کے اسباب پیدا کر رہے ہیں۔ آپ بھی اس میں مہارت حاصل کرکے روزگار کے وسائل تلاش کر سکتی ہیں۔ انھوں مزید کہا کہ طیبہ پروین خان اسی کالج کی طالبہ رہی ہیں جو کیلیگرافی میں مہارت کے سبب آج بین الاقوامی سطح پر اپنے فن کے مظاہرے کر رہی ہیں۔ ان کی خطاطی کے خوبصورت نمونے بیرون ملک بھی فروخت ہو رہے ہیں۔ جو ہمارے کالج کے لیے فخر کی بات ہے۔ ماہر خطاط راحت خاں نے نیزے کے قلم کے ذریعے طالبات کو کیلیگرافی کی اصطلاحات خط، نشست و کرسی اور نقطوں کو لکھنا سکھایا۔ اس موقع پر ان کی خطاطی کے بہترین نمونے طالبات کو دکھائے گئے۔ طیبہ پرویز خان نے طالبات کو خط ثلث کی باریکیوں سے واقف کرواتے ہوئے اس کی مشق کروائی۔ انھوں نے کہا کہ لڑکیاں گھبرائیں نہیں جو کچھ کریں، مستقل مزاجی کے ساتھ کریں۔ خطاطی کا فن کسی کی جاگیر نہیں ہے جو بھی اسے نیک نیتی سے سیکھنے کی کوشش کرے گا، وہ ماہر بن سکتا ہے۔ اگر آپ کو کہیں دقت محسوس ہو تو میں خدمت کے لیے حاضر ہوں۔ پتھروں اور شیشوں پر خطاطی کے لیے مشہور و معورف شمشاد علی عزم نے کہا کہ ہم نے بہت سوچ سمجھ کر خطاطی کو ذریعہ معاش بنایا اور آج بھی ہم اس میدان میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ عزم نے اپنی خوشنویسی کے مخصوص طرز کو ایک مخصوص آئیوری آرٹ پیپر پر طالبات کو حروف کو لکھنا سکھایا۔ نظامت کے فرائض شعبہ اردو کے استاد ڈاکٹر افتخار احمد قادری المعروف الف ناظم نے ادا کیے۔ انھوں نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ اب خطاطی جیسے ترقی یافتہ فن کے بارے میں ہمارے طلبا و طالبات واقف نہیں ہیں۔ جبکہ یہ فن ہماری تہزیبی جڑوں سے وابستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مقصد سے خوشنویسی ورکشاپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ آپ کم سے کم اس فن سے نہ صرف واقف ہو بلکہ اس کی بقا کے لیے کوشاں رہیں۔ شعبہ اردو کے استاد محمد قاسم نے کہا کہ کالج کی دیگر سرگرمیاں کے درمیان کیلی گرافی کی سہ روزہ ورکشاپ کا انعقاد عام بات نہیں ہے۔ اس لیے کالج کی تمام تر مصروفیات میں سے وقت نکالنا از حد مشکل تھا مگر طالںات کی دلچسپیوں کے پیش نظر اسے کرنا لازمی تھا۔ لہذا آپ لوگ خوشنویسی کا سیکھنا محض ورکشاپ تک محدود نہیں رکھیں بلکہ مسلسل مشق بہم پہنچا کر مکمل فن کو سیکھنے کی کوشش کریں۔ اس موقع پر ثمر ظفر نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ برسوں میں منعقد ہونے والی سبھی ورکشاپ کا حصہ رہی ہیں اور اس سال بھی حصہ بن کر فخر محسوس ہو رہا ہے۔ جہاں خوشنویسی کے ساتھ ساتھ اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے مواقع بھی میسر آتے ہیں۔ طالبہ آ ہلہ نور نے کہا کہ میرے پاس اردو بحیثیت مضمون نہیں ہے لیکن یہ ارردو کی محبت ہے کہ مجھے اس ورکشاپ میں تینوں دن بہت کچھ سیکھنے کا موقع حاصل ہوا جس کے لیے میں رضیہ میم کی ہمیشہ شکر گزار رہوں گی۔طالبہ رشدا خاتون نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اردو حروف کو خوبصورتی کے ساتھ لکھ کر بحید خوشی ہوئی۔ طالبہ شبینہ نے کہا کہ تین دن میں کافی کچھ سیکھا لیکن اس قدر مفید اور کامیاب ورکشاپ صرف تین نہیں بلکہ پورے سال چلنا چاہیے تاکہ جی بھر کر سیکھا جا سکے۔ فیصل شاہ صاحب نے طالبات کو ڈھیر ساری مبارکباد پیش کی۔آکاش وانی کے اردو کمپئر فرید اللہ خاں نے طالبات کی رہنمائی کرتے ہوئے ا±ن کے نظم و نسق کی تعریف کی اور کہا کہ خطاطی کا فن آپ کو روزگار سے جوڑے گا آپ محنت کرتی رہیں کامیابی ضرور ملےگی۔ ورکشاپ کے اختتام پر طالبات نے گیت اور غزلیں سنا کر کامیاب ورکشاپ کے تعلق سے خوشی کا اظہار کیا۔ کالج کے پرنسپل ڈاکٹر اتل شرما نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ سہ روزہ خطاطی ورکشاپ میں طالبات نے جس جذبے اور جوش کے ساتھ حصہ لے کر سیکھنے کی دلچسپی ظاہر کی، اس سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ یہ ورکشاپ ہر اعتبار سے کامیاب ثابت ہوئی۔ جس کے لیے میں شعبہء اردو کے تمام اساتذہ و طالبات کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ مستقبل میں بھی اسی جوش اور جذبے کے ساتھ طالبات کی تربیت کے لئے ایسی کار آمد ورکشاپ اور دیگر سرگرمیاں جاری رہنی چاہیے تاکہ بچیوں کو نصابی علم کے ساتھ ثقافتی اور تہذیبی سرگرمیوں کے ذریعہ ان کی صلاحیتوں کو بھی ابھارا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پروگرام سے طالبات کو بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔