رامپور کے شاہی خاندان میں زبانی جنگ جاری

زمین خرید و فروخت کا کام کرتے ہیں نوید میاں : صاحبزادہ سلمان علی

رامپور26فروری( ذیشان مراد علیگ ) سابق وزیر مملکت نواب کاظم علی عرف نوید میاں کے الزامات کے جواب میں صاحبزادہ سلمان علی نے کہا ہے کہ زمینوں پر قبضہ اور فروخت کرنے کا کام میرا نہیں ہے ، اس طرح کے کام نوید میاں بخوبی کرتے ہیں۔ نوید میاں نے میرے خلاف جو الزامات عائد کئے ہیں وہ مکمل طور پر بے بنیاد ہیں۔سابق وزیر مملکت نواب کاظم علی نے جمعہ کے روز جاری بیان میں سلمان علی پر ہاکی کلب کی زمین قبضہ کر فروخت کرنے کا الزام لگایا تھا۔ گزشتہ شب صاحبزادے سلمان علی نے اپنے تحریری بیان میں کہا کہ ہاکی کلب کے برابر میرا رہائشی مکان ہے۔ ضلع انتظامیہ ہاکی کلب کی پیمائش کر چکا ہے۔ انتظامیہ کے احکامات پر میونسپل بورڈ نے باو¿نڈری تعمیر کرائی ہے۔ ایسے میں نوید میاں کے الزامات پوری طرح غلط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواب رامپور کی جائیداد تقسیم کے معاملے میں سپریم کورٹ نے مجھے نچلی عدالت سے رجوع کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس طرح کی باتوں سے نہ تو میں مقدمہ کی پیروی چھوڑوں گا اور نہ ہی اپنے حق کی لڑائی۔صاحبزادہ سلمان علی نے کہا کہ میری دادی نواب حامد علی خاں کی بیٹی تھیں۔ نواب خاندان سے میرا کیا رشتہ ہے ، اس کے لئے مجھے نوید میاں گی سند کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ سرکار ( نواب صاحب ) کے خلاف مقدمہ کرتے ہیں ایسے لوگوں سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے۔ نہ ہی ہم ایسے رشتہ داروں کو اپنا رشتہ دار بتاتے ہیں۔