دہلی کے عوام نے ایم سی ڈی میں آپ پارٹی کو لانے کا من بنالیا ہے : حاجی عرفان

محمدتسلیم
نئی دہلی :25 اکتوبر (سیاسی تقدیربیورو) عام آدمی پارٹی کی حکومت کی بدولت آج ملک کی راجدھانی دہلی میں بہتر اسکول ، اچھے اسپتال ، بجلی ، پانی ، اچھی سڑکیں ، محلہ کلینک وائی فائی ، خواتین کیلئے بسوں میں مفت سفر اور دیگر سہولیات عوام کو مل رہی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار چوہان بانگر وارڈ227 سے’’ آپ‘‘ کے حاجی محمد عرفان نے نمائندہ سے گفتگو میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ 15 سالوں میں بی جے پی کی ایم سی ڈی نے دہلی کو کوڑے میں بدل دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے عوام ایم سی ڈی سے پریشان ہیں اور ہر جگہ کچرے کے ڈھیر نظر آتے ہیں جس کی وجہ سے بدبو اور گندگی پھیلی ہوئی ہے ۔ تاہم ہر سال صفائی نہ ہونے کے سبب ڈینگو ، ملیریا ، چکن گنیا جیسی مضر و مہلک بیماریاں جنم لیتی ہیں اور اس کا خمیازہ دہلی کے عوام کو اٹھانا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دہلی ایم سی ڈی انتخابات میں دہلی کے عوام نے ایم سی ڈی میں آپ پارٹی کو لانے کا من بنالیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح دہلی کے عوام نے دہلی اسمبلی انتخابات میں آپ پارٹی کو اپنی محبتوں سے نوازا تھا ٹھیک اسی طرح ایم سی ڈی میں بھی دہلی کے لوگ آپ کو کامیاب بنانے کا کام کریں گے ۔