برج پوری میں پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد
اس علاقے میں ڈپٹی کمشنر آف پولیس ڈاکٹر جوئے این ٹرکی اور انسپکٹر اتل تیاگی کی تعیناتی کے بعد سے اس علاقے میں جرائم میں کمی آئی ہے: حسن احمد
محمدتسلیم
نئی دہلی:22 اگست (سیاسی تقدیر بیورو) شمال مشرقی دہلی کے برج پوری علاقے میں واقع ارون ماڈرن پبلک اسکول میں القلم فاو¿نڈیشن کی جانب سے پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ ڈاکٹر جوئے این ٹرکی، ڈپٹی کمشنر آف پولیس، نارتھ ایسٹ ڈسٹرکٹ میٹنگ کے مہمان خصوصی تھے۔ میٹنگ جس کی صدارت مصطفی آباد اسمبلی حلقہ کے سابق ایم ایل اے حسن احمد نے کی۔ مصطفی آباد بلاک کانگریس صدر جاوید چودھری کی نگرانی میں منعقد ہونے والی اس میٹنگ میں گوکل پوری پولیس اسٹیشن کے صدر اتل کمار، سابق ایم ایل اے بھیشم شرما، ریاستی کانگریس کے نائب صدر علی مہدی، برج پوری وارڈ کی کونسلر نازیہ خاتون، نہرو وہار بلاک کانگریس صدر علیم انصاری، مصطفی آباد وارڈ کونسلر کے شوہر حاجی محمد خوشنود نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس میٹنگ میں فیس میڈیا گروپ کے ایڈیٹر ڈاکٹر مشتاق انصاری کو ڈپٹی کمشنر آف پولیس نے باہمی ہم آہنگی اور بھائی چارے اور منصفانہ صحافت کی مضبوطی کے لیے مسلسل کام کرنے پر اعزاز سے نوازا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آف پولیس ڈاکٹر جوئے نے کہا کہ میٹنگ میں تمام مذاہب اور ذاتوں کے ذمہ داران کی شرکت اس بات کی علامت ہے کہ علاقے میں امن ہے۔اور امن و امان برقرار ر رکھنے میں مقامی لوگ ساتھ دیتے ہیں ۔کانگریس لیڈر حسن احمد نے اپنے بیان میں پولیس افسران کے کام کرنے کے انداز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس علاقے میں ڈپٹی کمشنر آف پولیس ڈاکٹر جوئے این ٹرکی اور انسپکٹر اتل تیاگی کی تعیناتی کے بعد سے اس علاقے میں جرائم میں کمی آئی ہے۔ اور باہمی ہم آہنگی پیدا ہوئی ہے۔مذہبی اتحاد میں اضافہ ہوا ہے۔ حسن احمد نے ڈاکٹر مشتاق انصاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ دہلی کے مختلف حصوں میں باہمی اتحاد کے لیے کام کر رہے ہیں جس سے سماجی بھائی چارہ مضبوط ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے میگزین اور نیوز چینل پر بھی منصفانہ خبریں دکھائی جاتی ہیں۔ علی مہدی نے کہا کہ معاشرے میں کچھ لوگ ایسے ہیں جو آپسی بھائی چارے کو ختم کرنے کی کوشش کرتے ہیں، یہ لوگ ہم میں سے نہیں بلکہ باہر سے آئے ہیں، ہمیں ایسے لوگوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر حاجی محمد خوشنود نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سماج میں نفرت پھیلانے والے لوگوں سے ہمیں بچ کر رہنے کی ضرورت ہے ۔ تاہم اگر کوئی شخص سماج میں بد امنی پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے تو اس کی خبر پولیس کو ضرور دیں ۔تاکہ نفرت پر روک لگائی جا سکے ۔انہوں نے کہاکہ پولیس اور پبلک کے توسط سے سماج سے جڑی پریشانیوں کو ختم کیا جاسکتا ہے ۔