نئی دہلی،2مارچ (ایجنسیاں)گوتم گمبھیر کے سیاسی میدان کو خیرباد کہنے کے بعد ہزاری باغ سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ جینت سنہا نے بھی پارٹی سے درخواست کی ہے کہ انہیں انتخابی ذمہ داریوں سے آزاد کیا جائے۔ انہوں نے پارٹی سربراہ جے پی نڈا کو اس بارے میں مطلع کیا ہے اور سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا۔اپنی پوسٹ میں جینت سنہا نے لکھا، ’’میں نے پارٹی صدر جے پی نڈا سے مجھے میری براہ راست انتخابی ذمہ داریوں سے آزاد کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ میں ہندوستان اور دنیا بھر میں عالمی ماحولیات کی تبدیلی سے نمٹنے کی اپنی کوششوں پر توجہ مرکوز کر سکوں۔‘‘ انہوں نے کہا، ’’میں پارٹی کے ساتھ معاشی اور گورننس سے متعلق معاملات پر کام کرتا رہوں گا۔ مجھے پچھلے دس سالوں سے ہندوستان اور ہزاری باغ کے لوگوں کی خدمت کرنے کا شرف حاصل ہوا ہے۔ اس کے علاوہ، مجھے وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی قیادت کی طرف سے فراہم کردہ بہت سے مواقع سے نوازا گیا ہے۔ میں ان سب کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ جئے ہند۔‘‘خیال رہے کہ اس سے پہلے رکن پارلیمنٹ گوتم گمبھیر نے بھی ایس ہی پوسٹ کی ہے اور جے پی نڈا سے خود کو سیاسی ذمہ داریوں سے آزاد کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ فی الحال وہ کرکٹ پر توجہ دینا چاہتے ہیں اور سیاسی ذمہ داریوں سے آزاد رہنا چاہتے ہیں۔ اس کے لیے انہوں نے بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا سے بات کی ہے۔گوتم گمبھیر اور جینت سنہا نے یہ اعلان ایسے وقت میں کیا ہے جب بی جے پی لوک سبھا انتخابات کے لیے 100 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کرنے والی ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دہلی کی 7 لوک سبھا سیٹوں کے لیے جاری ہونے والی فہرست میں کئی ارکان پارلیمنٹ کے ٹکٹ کٹ سکتے ہیں اور گوتم گمبھیر کا نام بھی ان میں شامل ہو سکتا ہے۔
No Comments: