تعلیم کے بغیر زندگی کا تصور ممکن نہیں ہے: رئیس ادریسی

تعلیم کے بغیر زندگی کا تصور ممکن نہیں ہے: رئیس ادریسی

اوکھلا کے ابو الفضل انکلیو میں منعقدہ پروگرام میں دستکار سنگھٹن کے قومی انچارج رئیس ادریسی کو استقبا لیہ  

محمدتسلیم 

نئی دہلی :25 اکتوبر (سیاسی تقدیر بیورو ) اے آئی سی سی کے ایگز یکٹو ممبر اور دستکار سیل کے قومی انچارج رئیس ادریسی کے استقبال میں پروگرام کا انعقاد اوکھلا کے ابو الفضل انکلیو میں کیا گیا ۔ جس میں مہمان خصوصی کے طور پر ارشد اجمل ، آصف انصاری ، قمر الدین نجمی ، طاریق الزماں نے شرکت کی ۔ اس پروگرام کے روحِ رواںکانگریس کے ابھرتے ہوئے لیڈر ہدایت اللہ جینٹل تھے ۔ اس موقع پر رئیس ادریسی نے تعلیم کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے بغیر زندگی کا تصور ممکن نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک تعلیم یافتہ شخص ہی سماج کی بہترین رہنمائی کرتا ہے اور اس کے ذریعہ سے قوم ترقی کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات پر غور وفکر کرنے کی ضرورت ہے کہ کس طرح ہماری نسل تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے اندر صلاحیتیں کیسے پیدا کرے ،آج قوم کے بچے تعلیم کے میدان میں آگے بڑھ رہے ہیں جو خوش آئند بات ہے۔  ہدایت اللہ جینٹل نے کہا کہ سماج میں جب کوئی شخص کسی شعبہ میں کامیابی حاصل کرتا ہے تو اس کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے لوگوں کو ہاتھ پکڑ کرآگے بڑھائے اور ان کی رہنمائی کرے ۔انہوں نے کہا کہ سماج میں مثبت فکر رکھنے والے لوگوں کے ساتھ رابطہ قائم کریں اور اپنے مستقبل کو سامنے رکھ کر حکمت عملی تیار کریں ، ان تمام باتوں پر عمل کرکے ہی بہتر ین سماج تشکیل پاتا ہے ۔ آصف انصاری اور طارق الزماں نے اپنی تقریر میں کہا کہ گذشتہ 10 سالوں میں قوم نے تعلیم کے شعبہ میں جو انقلاب برپا کیا ہے وہ قابل ستائش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہم معاشرے میں تعلیم کے تئیں بیداری پیدا نہیں کریں گے تب تک ہم مین اسٹریم میں نہیں پہنچ پائیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یوں تو تعلیم پر کام کیا جارہا ہے لیکن ہمیں ایسے علاقوں میں بھی تعلیم کی شمع روشن کرنے کی ضرورت ہے جہاں طلباء و طالبات 10 ویں اور 12ویں کرکے اپنی تعلیم آگے جاری نہیں رکھتے ۔اس موقع پر ایم نجم الدین نجمی ، سماجی کارکن ، ڈاکٹر وسیم احمد پی ایچ ڈی ہولڈر ، ڈاکٹر ضیاء انصاری پی ایچ ڈی ہولڈر اور ڈاکٹر احمد مبین پی ایچ ڈی ہولڈر کو اعزاز سے نواز گیا ۔