کیجریوال حکومت پنجابی باغ متاثرین کے خاندان کو 20 لاکھ روپے دے گی: منسٹر آتشی

ریونیو منسٹر آتشی موقع پر گئی اور متاثرہ خاندان سے ملاقات کی
نئی دہلی، 25 جولائی(سیاسی تقدیر بیورو): پنجابی باغ کے اریہنت نگر میں منگل کو ایک خستہ حال عمارت کی بالکونی گرنے سے نگراں خاندان کے دو افراد کی موت ہو گئی۔ مرنے والوں میں ایک 30 سالہ خاتون اور اس کا کمسن بچہ بھی شامل ہے۔ ریونیو منسٹر آتشی نے موقع پر جا کر متاثرہ کے خاندان سے ملاقات کی۔کیجریوال حکومت کی جانب سے لواحقین کو 20 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔اس موقع پر ریونیو منسٹر آتشی نے کہا کہ عمارت میں ایک خاندان نگراں کے طور پر رہتا تھا۔ آج عمارت کی بالکونی گرنے سے ایک خاتون اور اس کے بچے کی المناک موت ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ حادثہ دردناک ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں ہم متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کریں گے۔ریونیو منسٹر نے کہا کہ دہلی حکومت کی طرف سے حادثے کا شکار ہونے والے کے خاندان کو 20 لاکھ روپے کی امداد دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں متاثرہ خاندان نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔ یہ خاندان کے لیے افسوسناک لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس رقم سے متاثرہ خاندان کے نقصان کو پورا نہیں کیا جا سکتا، لیکن ان کی فوری ضروریات کو ضرور پوری کریں گے۔اس کے ساتھ ہی وزیر ریونیو نے حکام کو ہدایت دی کہ متاثرہ خاندان کو فوری طور پر محفوظ مقام پر بھیجا جائے اور ان کے قیام و طعام کا انتظام کیا جائے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ دکھ کی اس گھڑی میں دہلی حکومت خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی ضروریات کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔