بیدر۔ کلبرگی دوسری انٹرسٹی ڈیمو ٹرین کو مرکزی وزیر نے ہری جھنڈی دکھائی

بیدر۔ 4مارچ (محمدیوسف رحیم بیدری) قابل تجدید توانائی کے ذرائع، کیمیکل اور کھاد کے مرکزی وزیر مملکت بھگونت کھوبا نے کہا کہ بیدر ۔ کلبرگی نئی دوسری انٹرسٹی ڈیمو ٹرین سے عوام کو فائدہ ہوگا۔وہ آج ہفتہ کو بیدر ریلوے اسٹیشن پر بیدر ۔کلبرگی(گلبرگہ) انٹرسٹی ڈیمو ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔انھوں نے مزید کہاکہ میں حکومت ہند کی طرف سے دستیاب تمام سہولیات کو اپنے حلقہ پارلیمان بیدر میں لانے کی مخلصانہ کوشش کر رہا ہوں۔ دوسری ٹرین ہمارے علاقے کے عوام کے لیے آسان ہو گی۔یہ ٹرین صبح 10:35بجے بیدر سے روانہ ہوگی اور دوپہر 1:20 پرگلبرگہ پہنچے گی۔بیدر ریلوے اسٹیشن کو دو پلیٹ فارم، دو ٹکٹ کانٹر، ایلیمی نیٹر کی ضرورت ہے اور بیدر ریلوے اسٹیشن امرت آدھار اسٹیشن میں سے ایک ہے اس لیے ہمارے اسٹیشن پر بہت ساری سہولیات دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ بیدر-اوراد-ناندیڑ نئی ریلوے لائن کے لیے بجٹ میں 100 کروڑ روپے شامل کیے گئے ہیں ۔کرناٹک اور مہاراشٹر کی حکومتیں اپنا مساوی حصہ ڈالیں گی۔سکندرآبا دڈویژنل ریلوے منیجر اے کے گپتا نے کہا کہ سکندرآباد کا ریلوے ڈویژن مقامی مسافروں کے لیے انٹر سٹی ٹرینوں کے ذریعے عوام کو اچھی سروس فراہم کر رہا ہے اور عوام کو اس سروس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔اس تقریب میں بیدر کے ایم ایل اے رحیم خان، قانون ساز کونسل کے رکن رگھوناتھ را ملکاپورے، بیدر اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین بابو والی، اورمحکمہ ریلوے کے افسران اور عملہ موجود تھا۔واضح رہے کہ بیدر ۔ گلبرگہ ریلوئے لائن کااکتوبر2017ءمیں وزیراعظم مودی نے افتتاح کیاتھا۔