گستاخانہ تبصرہ پر بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا عالمی مسلمانوں سے معافی مانگے

وزیر اعظم کا فوراً رد عمل ، دونوں سابقہ ترجمان کی جلد گرفتاری اور تمام سیکولر پارٹیاں مذمتی بیان جاری کریں: ڈاکٹر محمد اصغر چلبل و علماء اکرام کا بیان

گستاخانہ تبصرہ پر بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا عالمی مسلمانوں سے معافی مانگے

گلبرگہ9؍جون(سیاسی تقدیر بیورو)جناب ڈاکٹر محمد اصغر چلبل کارگذار صدر مرکزی سیرت کمیٹی ضلع گلبرگہ و سیکریٹری شعبہ سیاسی امور آل انڈیا ملی کونسل نے کہا کہ بی جے پی نے نوپور شرما اور نوین کمار جندل کو پارٹی سے معطل کر کے ان سے کنارہ کشی اختیار کرنے کی کوشش کی ہے جو بالکل عالم اسلام کے مسلمانوں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے برابر ہے ، جس کو ہم قطعی قبول نہیں کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر محمد اصغر چلبل نے کیا اُنہوں نے مزید کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا کو فوراً پورے عالم اسلام یعنی2ارب سے زائد مسلمانوں سے معافی مانگنا چاہئیے، کیونکہ ان کی پارٹی کے ترجمان نے نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کی ہے تو ظاہری بات ہے پارٹی کا بیان ہی تصور کیا جائیگا۔ ڈاکٹر محمد اصغر چلبل نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو بی جے پی کے سابقہ ترجمانوںں کے الفاظ پر اپنا ردِ عمل ظاہر کرنا چاہئیے ، کیونکہ پورے عالم کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا گیا ہے اور کئی مسلم ممالک نے مذمتی بیان جاری کرتے ہوئے بھارتی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا ہے ۔ جس کی وجہ سے ہندوستان کا سر شرم سے جھک گیا ہے ۔ ڈاکٹر محمد اصغر چلبل نے پریس کانفرنس کے ذریعہ مطالبہ کیا ہے کہ نوپور شرما اور نوین جندل کو فوری جیل کی سلاقوں کے پیچھے ڈھکیل کر ان پر سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جائے ۔ ملک کی تمام سیاسی سیکولر پارٹیاں جو مسلمانوں کی ہمدرد ہونے کا جھوٹا دعویٰ کرتی ہیں اُن کو بھی چاہئیے کہ وہ اپنے دفتر سے مذمتی بیان جاری کریں۔ ان دونوں کی گرفتاری کا مطالبہ کریں کیونکہ ابھی تک بھی کسی سیاسی سیکولر پارٹی کا مذمتی بیان نہیں آیا۔ جس کی وجہ سے اقلیتوں میں بے چینی اور بحث شروع ہوچکی ہے ۔ مولانا حافظ سید محمد حسینی تیغ برہنہؒ ، خطیب و امام بڑی مسجد مومن پورہ نے کہا کہ ان دونوں بی جے پی کے سابقہ ترجمانوں کو فوراً گرفتار کرنا چاہئے معطلی سے ہم انہیں معاف نہیں کرسکتے ابھی وہ آزاد گھوم رہے ہیں ۔ مولانا محمد غوث الدین قاسمی صدر آل انڈیا ملی کونسل ضلع گلبرگہ نے کہا کہ نبی کریم ﷺ پوری دنیا کیلئے امن و امان کے پیکر ہیں ان کے خلاف گستاخانہ ریمارکس ہم مسلمانوں کو قطعی برداشت نہیں ہیں ۔ مولانا محمد جیلانی باقوی خطیب و امام مسجد مڑکی کاڑیاں صدر محلہ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اسلام میں لچک پیدا کی ہے ، جتنا اسلام کو دبائو گے اتنا اسلام بلند ہوتا جائیگا۔ نبی کریم ﷺ کی شان میں جو گستاخی کی ہے اس سے ہمارے نبی ﷺ کی شان میں کوئی فرق پڑنے والا نہیں ہے ۔ اس بات کی اطلاع ایک پریس نوٹ کے ذریعہ دی گئی ہے۔