اروند سنگھ لولی دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مقرر

اروند سنگھ لولی دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مقرر

لولی نے اپنے بیان میں کہا کہ اعلی کمان نے دہلی پردیش کانگریس کا صدر مقرر کرکے ان پر جو بھروسہ اور اعتماد کیا گیا ہے اس پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے 

محمدتسلیم 

نئی دہلی:31 اگست (سیاسی تقدیربیورو) دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے نومنتخب صدر ارویندر سنگھ لولی نے کہا کہ کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے اور محترمہ سونیا گاندھی، راہل گاندھی، کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی اور کے سی وینوگوپال نے انہیں دہلی پردیش کانگریس کا صدر مقرر کرکے ان پر جو بھروسہ اور اعتماد کیا گیا ہے اس پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے اور پارٹی کو مضبوط کریں گے اور کانگریس حکومت کی جانب سے 15 سالہ دور حکومت میں کی گئی ہمہ جہتی کوششوں کو عملی جامہ پہنائیں گے۔ کانگریس کارکنوں کی حوصلہ افزائی کریں گے اور سابق وزیر اعلی آنجہانی شیلا دکشت کے دور میں ہوئے ترقیاتی کاموں کی یادیں اور دہلی کے لوگوں کی ترقی اور تجربے کی مثال کو سب کے سامنے پیش کریںگے ۔ لولی نے کہا کہ پیار اور بھائی چارے کے پیغام کو پھیلانے کے لیے ہمارے پیارے لیڈر راہل گاندھی کی کنیا کماری سے کشمیر تک 4000 کلومیٹر سے زیادہ طویل تاریخی ”بھارت جوڑو یاترا“ نے کانگریس کارکنوں اور بڑے پیمانے پر ملک کے لوگوں میں نئی اُمید اور جوش جگایا ہے۔ اور اس سے کانگریس کارکنوں اور دہلی کے لوگوں میں جوش و خروش کی ایک نئی لہر دوڑ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے عوام کانگریس حکومت کی ترقی پر مبنی، ترقی پسند طرز حکمرانی کو یاد کرتے ہیں، جس نے اپنے 15 سالہ دور حکومت میں دیرپا میراث چھوڑی ہے اور یہ پیغام دہلی کے ہر گھر تک پہنچے گا تاکہ کانگریس کو دوبارہ اقتدار میں لایا جاسکے۔ ارویندر سنگھ لولی کالج کے زمانہ سے ہی طلبہ سیاست میں سرگرم تھے، جس کے بعد وہ دہلی یوتھ کانگریس ضلع کے جنرل سکریٹری، 1990 میں ریاستی یوتھ کانگریس کے جنرل سکریٹری، پھر 1992 سے 1996 تک نیشنل اسٹوڈنٹ یونین آف انڈیا (NSUI) کے جنرل سکریٹری بنے۔پہلی بار 1998 میں، انہوں نے گاندھی نگر اسمبلی سے الیکشن جیتا، جس کے بعد وہ 2003، 2008 اور 2013 سمیت چار بار ایم ایل اے رہے۔ دہلی حکومت میں شہری ترقیات، محصولات، تعلیم، ٹرانسپورٹ، سیاحت، زبان، گوردوارہ الیکشن اور لوکل باڈی اور گوردوارہ پربندھک کمیٹی جیسے اہم عہدوں کی ذمہ داری لی۔ ارویندر سنگھ لولی ماضی میں دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔ ان کے ایک بار پھر ریاستی کانگریس صدر بننے سے کانگریس کارکنوں میں جوش اور خوشی کا ماحول ہے۔ لولی نے کہا کہ پچھلے نو سالوں میں دہلی کے بنیادی ڈھانچے اور موجودہ حالات سمیت ہر شعبے میں گراوٹ آئی ہے جسے کانگریس حکومت نے چاروں طرف سے ترقی دی تھی۔ ہمارے وژن اور منصوبوں سے ہونے والی ترقی رک گئی ہے ۔