آل انڈیا یونانی طبی کانگریس دہلی اسٹیٹ کی میٹنگ منعقد
طبی کانگریس اپنے منصوبے کے تحت آگے بڑھ رہی ہے اور نئے نئے لوگوں کو اس سے جوڑنے کا سلسلہ جاری ہے: ڈاکٹر سید احمد خاں
محمدتسلیم
نئی دہلی :28 اگست (سیاسی تقدیربیورو)آل انڈیا یونانی طبی کانگریس دہلی اسٹیٹ کی تشکیل نو کے بعد پہلی میٹنگ دہلی کے موجپور میں منعقد کی گئی ۔ جس میں طبی کانگریس کے قومی صدر پروفیسر مشتاق احمد نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔میٹنگ کا آغاز حکیم مر تضی دہلوی کی تلاوت قرآن کریم سے ہوا جبکہ نظامت کے فرائض دہلی اسٹیٹ کے صدر ڈاکٹر شکیل احمد نے انجام دئے ۔اس موقع پر آل انڈیا طبی کانگریس کے سکریٹری جنرل اور اُردو زبان کے محسن ڈاکٹر سید احمد خاں نے طبی کانگریس سے جڑے نئے اور پرانے اراکین کا تعارف کرایا اور تنظیم کی سر گرمیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جب نیت صاف اور ارادے مضبوط ہوں تو ہر کام آسان ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یونانی ہماری تہذیب و ثقافت کا حصہ ہے اس کی ترقی کی ذمہ داری بھی ہماری ہے ۔انہوں نے کہا کہ طبی یونانی کا حقیقت میں مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہے اس کی بنیاد پوری طرح سے سائنٹفکلی ہے ۔تاہم ہر دور میں اس کی ضرورت محسوس کی جاسکتی ہے ۔عالمی وباءکورونا انفیکشن کے دور میں لوگوں نے اپنی قوت مدافعت بڑھتانے میں یونانی ادویات اور نسخوں کا کثرت سے استعمال کیا ۔ ڈاکٹر سید احمد خاں نے کہا کہ طبی کانگریس اپنے منصوبے کے تحت آگے بڑھ رہی ہے اور نئے نئے لوگوں کو اس سے جوڑنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ قومی صدر پروفیسر مشتاق احمد نے کہا کہ آل انڈیا یونانی طبی کانگریس کا کارواں دن بہ دن بڑھتا جارہا ہے جو یونانی کیلئے خوشی کی بات ہے ۔انہوں نے کہاکہ آج یونانی کو ہر اسپتال میں جگہ مل رہی ہے اور نئی ریسرچ اور نسخوں سے لوگوں کو فائدہ مل رہا ہے ۔اس موقع پر دہلی اسٹیٹ کے نائب صدر ڈاکٹر فہیم ملک کو ان کی بہترین خدمات پر اعزاز سے نوازا گیا ۔ اہم شرکاءمیں حکیم آفتاب ،ڈاکٹر فہیم ملک ، حکیم نوشاد صدیقی ، حکیم مرتضی دہلوی ، ڈاکٹر مرزا آصف بیگ ،ڈاکٹر شمس الدین آزاد ، ڈاکٹر محمد عارف سیفی ، ڈاکٹر صغیر احمد ، ڈاکٹر محمد مسلم ، ڈاکٹر محمد غیاث الدین ، ڈاکٹر محمد رفیق ، ڈاکٹر عبداللہ خان، ڈاکٹر زکی الدین ، ڈاکٹر قمر الدین ، ڈاکٹر مشتاق احمد ، ڈاکٹر عالم ،نوجوان کانگریس لیڈر علیم انصاری ،وغیرہ کے نام قابل ذکرہیں ۔