پی ایم شری اسکیم میں اردو اسکولوں کو بھی شامل کیا جائے
urdu-schools-should-also-be-included-in-the-PM-Shri-scheme
کل مہاراشٹر تنظیمِ اردو اساتذہ کا مطالبہ، رکنِ اسمبلی ڈاکٹر راجندر شنگنے کو کیا محضر پیش
کھامگاﺅں : 07 مارچ (واثق نوید) ملک کے مقامی خوداختیاری اداروں کے پرائمری تعلیمی اداروں کی ترقی کے لئے روبہ عمل لائی جارہی مرکزی حکومت کی اسپانسر کردہ اسکیم "پی ایم شری اسکول" میں اردو میڈیم اسکولوں کو شامل کرنے کا مطالبہ اکھل مہاراشٹر اردو شکشک سنگھٹنا (کل مہاراشٹر تنظیمِ اردو اساتذہ) کی جانب سے کیا جارہا ہے۔ اس ضمن میں ریاستی سیکرٹری شیخ ضمیر رضا سر کی قیادت میں تنظیم کے ایک نمائندہ وفد نے سندکھیڑراجہ-دیولگاوں راجہ حلقہ اسمبلی کے ایم ایل اے ڈاکٹر راجندر شنگنے سے ملاقات کرتے ہوئے ایک میمورنڈم پیش کیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے چنندہ پرائمری اسکولوں کو معیاری و مثالی اسکولوں میں تبدیل کرنے کے مقصد سے مرکزی حکومت کی جانب سے ایک مہم پی ایم شری اسکول متعارف کرائی گئی ہے۔ ریاستی حکومت کے محکمہ تعلیمات کے توسط سے اس اسکیم کے لئے اسکولوں کا انتخاب کیا جا رہا ہے۔ اکھل مہاراشٹر اردو شکشک سنگھٹنا کی شدید خواہش اور کوشش ہے کہ اس اسکیم میں اردو میڈیم اسکولوں کو بھی کما حقہ نمائندگی ملے۔ اسی سلسلے میں تنظیم کے ایک نمائندہ وفد نے ریاستی سیکرٹری شیخ ضمیر رضا سر کی قیادت میں رکن اسمبلی ڈاکٹر راجندر شنگنے سے ملاقات کرتے ہوئے اس موضوع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وفد کی جانب سے ایم ایل اے موصوف کو ایک محضر پیش کیا گیا۔ اس محضر میں بیان کیا گیا ہے کہ مرکزی حکومت نے ملک بھر کے پندرہ ہزار سے زائد اسکولوں کو پی ایم شری اسکیم کے تحت مثالی اسکولوں میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسکیم کے تحت منتخب اسکولوں کو حکومت کی جانب سے خصوصی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ محضر کے اخیر میں رکن اسمبلی سے گزارش کی گئی ہے کہ بلڈھانہ ضلع کے اردو اسکولوں کو بھی ان کی تعداد کے تناسب سے اس اسکیم میں شامل کرنے کے لئے مناسب کارروائی و نمائندگی کی جائے نیز اس سلسلے میں مہاراشٹر پرائمری ایجوکیشن کاو نسل کے اسٹیٹ پروجیکٹ ڈائریکٹر سے ریاست کے تمام اضلاع میں اردو اسکولوں کی تعداد کے تناسب میں اردو اسکولوں کے انتخاب کی سفارش کی جائے۔ واضح رہے کہ اکھل مہاراشٹر اردو شکشک سنگھٹنا کے اس وفد میں سابق ضلع پریشد سبھاپتی ریاض خان ، سینئر معلم ریاض احمد سر، لحاظ احمد سر، عبدالرحمٰن سر، اسکول انتظامی کمیٹی کے صدر شیخ علیم، سابق صدر سید سعید و دیگر موجود تھے۔